سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد پہلی بار یوکرینی وزیر خارجہ آج پاکستان آئینگے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور یوکرین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد پہلی بار یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیتروکولیبا آج سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یوکرینی وزیر خارجہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی بات چیت کریں گے، توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔
دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یوکرینی وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
یوکرینی وزیر خارجہ کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے باخبر ذرائع نے کہا تھا کہ دورے کے حوالے سے کئی سوالات اٹھنے کا امکان ہے اور روس، بھارت اور مغربی ممالک کی جانب سے اس کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔
عہدیدار نے کہا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ روس یوکرین تنازع میں غیر جانبداری برقرار رکھی ہے اور اس چیز کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ اس کی جانب سے کوئی منفی پیغام نہ جائے جبکہ روسی اور پاکستانی حکام کے درمیان بھی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔