پہلی مرتبہ سٹی کونسل کراچی میں خواجہ سراؤں کیلئے نشستیں مختص کیں: مرتضیٰ وہاب

ایمسٹرڈیم: (دنیا نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار سٹی کونسل کراچی میں خواجہ سراؤں کیلئے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

ہالینڈ میں فاسٹ ٹریک سٹیز کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی دنیا کا چھٹا بڑا شہر ہے جس کی آبادی 20 ملین ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کے حقوق سے متعلق قانون سازی کی گئی ہے، خواجہ سراؤں کو پہلی بار شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور ملازمتوں میں 0.5 فیصد کوٹہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ میئر کراچی مرتضی وہاب کے لئے بڑا اعزاز ہے کہ انہوں نے ایمسٹرڈیم میں فاسٹ ٹریک سٹیز کانفرنس میں دنیا کے کئی دوسرے شہروں کے میئرز کے ساتھ شرکت کی، انہوں نے فاسٹ ٹریک سٹیز کانفرنس میں کیمرون کے دارالحکومت یاؤنڈے کے میئر مسٹر آگسٹین بالا سے بھی ملاقات کی۔

مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آگسٹین بالا نے بتایا کہ وہ حال ہی میں اپنے گھٹنے کی سرجری کیلئے پاکستان آئے تھے، آگسٹین بالا کی پاکستان میں بہت اچھی طرح سے دیکھ بھال کی گئی۔

میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں مثبت بات سن کر مجھے بہت خوشی ہوئی، اپنے وطن میں سب کچھ غلط نہیں، ہمیں اپنے نقطہ نظر میں مثبت رجحان پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں