تحریک انصاف کا نکاح کیس کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد :(دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں وکلاء کے ذریعے چیلنج کریں گے، فارم 47 کے وزیراعظم، وزیراعظم نہیں وہ شہباز شریف ہیں، کل قومی اسمبلی میں شہباز شریف کو واضح کہا ہے ہمارے لیڈران اور اسیران کی رہائی تک کسی کے ساتھ بات چیت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عالیہ حمزہ کے دستخط استعمال کیے جارہے ہیں، جیل میں ہمارے قیدیوں کو سہولتیں نہیں دی جا رہیں، ہماری تحریک آگے اور تیزی سے چلے گی، ہم ہر جگہ مظاہرے کریں گے۔

عدالت نے انصاف کا قتل کیا : کنول شوذب
رہنما تحریک انصاف کنول شوذب نے کہا ہے کہ آج عدالت نے انصاف کا قتل کیا، پاکستان کی 52 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، اس عدالت نے خواتین کے بنیادی حقوق کو اچھالاہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو بے بنیاد کیس پر قید کیا ہوا ہے، رانا ثناء اللہ نے کل کہا بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بند رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے پلیٹ لیٹس گرتے تھے، گردے درد کرتے تھے، بانی پی ٹی آئی کو آج 47 ڈگری کی گرمی میں قید رکھا ہوا ہے، ہم انصاف والے ہیں، قانون و انصاف کی پابندی کرتے ہیں۔

کنول شوذب کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے عدالتوں کا احترام کیا ہے، قانونی چارہ جوئی کی ہے، ہم اسلام آباد ہائی کورٹ سے اس کیس کو اسی آئین کے مطابق حل کرائیں گے، اسمبلی میں اصل نمائندگی پاکستان تحریک انصاف کی بنتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں