دہلی: طوفانی بارشوں سے تباہی، درجن سے زائد افراد ہلاک، فلائٹ آپریشن متاثر

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، مختلف حادثات میں درجن سے زائد افراد ہلاک ہو گئے جبکہ فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں جون کے مہینے پڑنے والی شدید گرمی کے بعد ہونے والی موسلا دھار بارش نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، شدید بارش کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ کے تین ٹرمینلز میں سے ایک کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

بارش کے پانی سے شہر کے انڈر پاسز بھر گئے ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی ہے، متعدد علاقوں میں شہریوں کو بجلی کی بندش کا بھی سامنا کرنا پڑا، بارشوں کی وجہ سے نئی دہلی کے مرکزی ایئرپورٹ پر کم از کم 60 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے نئی دہلی کیلئے دو جولائی تک اورنج الرٹ جاری کر دیا جس کا مطلب ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں، اس کے علاوہ ریاست ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اترا پردیش، مدھیا پردیش اور راجستھان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں