ایم این اے جمشید دستی اور ان کے بھتیجے کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج

مظفر گڑھ:(دنیا نیوز) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی اور ان کے بھتیجے کے خلاف دہشت گردی سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ سٹی میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ ایلیٹ فورس کے سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج ہوا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق محرم الحرام کے دوران پولیس سنیپ چیکنگ کے لیے ظفر کالونی گئی تھی، جمشید دستی، ان کے بھتیجے اور ساتھیوں نے پولیس کو روکا تھا، جمشید دستی نے کہا کہ میرے گھر کے باہر بغیر اجازت گشت کرنے کی جرات کیسے ہوئی۔

مقدمے کے متن کے مطابق جمشید دستی نے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کی اور دھمکیاں دیں، جمشید دستی اور ان کے 12 ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، پولیس اور موبائل پر فائرنگ کے بعد جمشید دستی اور ساتھی فرار ہو گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جمشید دستی نے اپنی رہائش گاہ پر 25 لوگوں کے حملہ آور ہونے کا ویڈیو بیان دیا تھا جبکہ جمشید دستی نے دعویٰ کیا تھا کہ گھر پر دھاوا بولنے والے افراد نے ان پر فائرنگ کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں