کے پی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا، منظور شدہ فیصلے واپس ہونا شروع

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کو شدید مالی مشکلات کا سامناہے جس کے باعث منظور شدہ فیصلے واپس ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں ہزاروں اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر حکومت نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے پی ٹی آئی کےسابق دور حکومت میں ہونے والی اپ گریڈیشن کی منظوری واپس لینے کی تیاری کر لی۔

دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی نے گزشتہ دور حکومت میں 1 لاکھ 60 ہزار640 اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا تھا، پرائمری سکول ٹیچرز کو گریڈ 12 سے 14 میں ترقی دینا تھی جبکہ سینئر پرائمری ٹیچرز کی 14 سے گریڈ 15 میں ترقی کی منظوری دی گئی تھی ۔

اسی طرح پرائمری سکول ہیڈ ٹیچرز کو گریڈ 16 میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور سینئر سکول ٹیچر کوگریڈ 16 سے ترقی دیکر گریڈ 17 میں کرنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن اب حکومت نے اساتذہ کی ترقی کا فیصلہ مالی مشکلات کے باعث واپس لے لیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اساتذہ کو ترقی دینے سے خزانے پر سالانہ 36 ارب 38 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، محکمہ خزانہ نے اعتراض کرکےساتذہ کی اپ گریڈیشن کی سمری منسوخ کرنے کی درخواست دیدی جبکہ اپ گریڈیشن کا فیصلہ واپس لینے پر صوبہ بھرمیں اساتذہ تنظیموں نے احتجاج کا عندیہ دے دیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں