پی ٹی اے کا ملک میں وی پی این بلاک کرنے کا عندیہ

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کو ملک بھر میں بلاک کرنے کا عندیہ دے دیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ اجلاس میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے معاملات پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے کہا کہ حکومت وی پی این کی وائٹ لسٹنگ کر رہی ہے جس کے بعد غیرمجاز وی پی این پاکستان میں نہیں چل سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وی پی این کے باوجود پاکستان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) صارفین کی تعداد میں 70 فیصد کمی ہوئی ہے، صرف 30 فیصد صارفین وی پی این کے ذریعے ایکس استعمال کر رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ حکومت جس دن کہے گی اسی روز ایکس کھول دیں گے، ایکس نے پی ٹی اے کی شکایت پر گزشتہ 3 ماہ میں صرف 7 فیصد عمل کیا، ٹیلی کام پر 2 سال میں کوئی سائبر حملہ نہیں ہوا، سوشل میڈیا سے متعلق شکایت پر متعلقہ پلیٹ فارم سے رابطہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پوسٹ پاکستانی قوانین کے خلاف ہو تو حکومت کے کہنے پر ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرتے ہیں، سب سے زیادہ ٹک ٹاک ہماری شکایت پر ایکشن لیتا ہے، سب سے کم عملدرآمد ایکس کرتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ متنازع یا خلاف قانون پوسٹس پر پورا فیس بک یا ٹوئٹر بلاک کرسکتے ہیں لیکن کسی مخصوص پوسٹ کو بلاک کرنا ممکن نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں