وسیم اکرم کا پی سی بی میں عہدہ سنبھالنے سے معذرت

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق کپتان و سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں عہدہ سنبھالنے سے معذرت کر لی۔

ذرائع کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) یا چیئرمین کا مشیر بننے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن دیگر مصروفیات کے سبب وہ کل وقتی ملازمت کیلئے دستیاب نہیں تھے اس لیے ان کے انکار پر ہی وقار یونس کا تقرر کیا گیا۔

یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں، اکثر ان پر یہ تنقید سامنے آتی ہے کہ دو عہدوں کی وجہ سے کرکٹ کو زیادہ وقت نہیں دیتے، اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے انہوں نے کھیل کے معاملات کسی سابق کرکٹر کو سونپنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل محسن نقوی نے وسیم اکرم سے رابطہ کر کے کہا کہ وہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر یا ان کے مشیر کی پوسٹ سنبھال لیں، یہ کل وقتی ملازمت ہو گی، کرکٹ کے تمام امور انہی کو دیکھنا ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان نے چیئرمین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب مستقل طور پر کراچی میں مقیم ہیں، فیملی کی وجہ سے اکثر آسٹریلیا بھی جانا پڑتا ہے، ان کیلئے لاہور میں دوبارہ رہائش پذیر ہونا اب ممکن نہیں، البتہ جب بھی پاکستان کرکٹ کو ان کی ضرورت ہوئی وہ بلامعاوضہ بھی دستیاب ہوں گے۔

چیئرمین نے ان سے اپنے مستقبل کے پلانز بھی شیئر کیے جس سے وسیم اکرم خاصے متاثر نظر آئے، بورڈ حکام نے اس کے بعد وقار یونس سے رابطہ کیا جو ذمہ داری سنبھالنے پر آمادہ ہو گئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں