وزیراعظم کا معاشی ٹیم کو ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کی رفتار کو تیز کرنے کا ہدف

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت ٹریک اینڈ ٹریس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کی رفتار کو تیز کرنے کا ہدف دے دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مکمل ڈیجٹائزیشن اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریسٹرکچرنگ ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہیں، وزیراعظم نے وزیر مملکت برائے خزانہ کو ایف بی آر ٹرانسفارمیشن منصوبے کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی۔

وزیراعظم کو ٹریک اینڈ ٹریس کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، وزیراعظم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے خرابیوں اور بے ضابطیوں کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے ایف بی آر کی اصلاحات بہت ضروری ہیں۔

محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے غریب عوام کی ایک ایک پائی بچانے کیلئے دن رات محنت کریں گے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیر مملکت علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے ایف بی آر کی ٹریک اینڈ ٹریس کے مکمل نفاذ میں غفلت کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام اقدامات پر جلد عملدرآمد کی ہدایت کی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں