تاجر دوست سکیم، ایف بی آر نے آسان ٹیکس ریٹرن فارم جاری کردیا: نعیم میر

لاہور:(دنیانیوز) چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست سکیم نعیم میر نے کہا کہ ایف بی آر نے آسان ٹیکس ریٹرن فارم جاری کردیا۔

لاہور میں اپنے ایک بیان میں نعیم میرکا کہنا تھا کہ آسان ٹیکس ریٹرن فارم تاجر دوست سکیم کے تحت جاری کیا گیا، نان فائلرز آسان ٹیکس ریٹرن فارم پُر کریں اور فائلر بن جائیں، فائلر بنتے ہی 236 G اور 236 H کا ٹیکس بلترتیب 0.1 فیصد اور 0.5 فیصد ہوجائے گا جو ایڈجسٹ ایبل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر دوست سکیم کے تحت وصول کیا گیا ایڈوانس ٹیکس بھی ایڈجسٹ ایبل ہوگا، آسان ٹیکس ریٹرن میں ٹریڈر اپنا بینک اکاؤنٹ نمبر درج کرے گا، اس بینک اکاؤنٹ میں ریفنڈ کی رقم خودکار طریقے سے ریفنڈ ہوجائے گی۔

نعیم میرکا کہنا تھا کہ آسان ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کی گئی آمدن پر ٹیکس لگایا جائے گا، آسان ٹیکس ریٹرن خودکار طریقے سے ٹریڈر کو اس کا واجب الادا ٹیکس بتا دے گا، ہم اب وعدوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہےہیں۔

چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست سکیم کا مزید کہنا تھا کہ  تاجر بھی احتجاج کا راستہ چھوڑیں اور مذاکرات کی میز پر آجائیں یہ ہم سب کا ملک ہے اور ہم نے ملکر ہی اسے چلانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں