تمام ججزقابل احترام ، کسی کا راستہ نہیں روک رہے : عطا تارڑ

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تمام ججزقابل احترام کسی کا راستہ نہیں روک رہے ہیں۔

دنیا نیوزکےپروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عطار تارڑ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کےساتھ احترام کا رشتہ ہے، مولانا فضل الرحمان کےساتھ ہمارا رابطہ رہتا ہے، مولانا کے ساتھ ایک فطری اتحاد ہے، مولانا کے گھر جانا کوئی اچنبھےکی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرکوئی اپوزیشن بنچوں میں بیٹھا ہوتوتعلق ختم نہیں ہوجاتا، مولانا سے ٹوتھرڈ میجورٹی کےحوالےسےکوئی بات نہیں ہوئی نہ ہی نمبرز گیم کےحوالےسے کوئی ڈسکشن ہورہی ہے ۔

قومی اسمبلی میں عدلیہ کے حوالے سے ترمیم کی خبروں پر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم تمام ججز کا احترام کرتے ہیں، کسی جج کے راستہ روکنے کےحوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی ہے، جب مناسب وقت ہوگا نئےچیف جسٹس کا نوٹیفکیشن ہو جائے گا، جسٹس منصورعلی شاہ کےچیف جسٹس بننے سے ہمارے کوئی خدشات نہیں، سوبسم اللہ! وہ آکر جتنےمرضی حلقےکھولنے کا حکم دیں۔

گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقے میں دوبارہ گنتی کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ گوجرانوالہ کاحلقہ ایک متنازع حلقہ تھا، حلقےکا معاملہ سپریم کورٹ گیا تھا، ذوالفقاربھنڈرکی پوزیشن مستحکم تھی، ذوالفقاربھنڈر نے جو تحفظات کا اظہار کیا تھا وہ درست ثابت ہوئے، ہمارے تینوں امیدوارپہلے دن سے یہ جنگ لڑ رہے تھے، علی گوہر کی درخواست سپریم کورٹ میں ریجیکٹ ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اورعلیمہ خان کی پارٹی میں قبضے کی جنگ چل رہی ہے، فیض حمید اوربانی پی ٹی آئی کےکیسزچل رہےہیں، تحقیقات میرٹ پرہورہی ہے ، فوج کا احتساب کےحوالےسےاپنا ایک نظام ہے۔

نوازشریف کی بیرون ممالک جانے کی خبروں پر انہوں نے کہا کہ کل پارٹی کےاجلاس میں میاں نوازشریف سےملاقات ہوگی، ابھی تک نوازشریف کےلندن جانےکی خبرافواہ ہی لگ رہی ہے۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی اورمریم نوازمیں کوئی ناراضگی نہیں، وفاق اورپنجاب میں بہترین کوآرڈی نیشن ہے، پنجاب نے اپنے بجٹ سے بجلی کے بلوں میں عوام کوریلیف دیا، بلاول بھٹو ہمارے بھائی ہیں انہیں مطعمن کرلیں گے وہ کہیں نہیں جاتے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں