نائیجیریا میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، 200 افراد ہلاک

ابوجا: (ویب ڈیسک) نائیجیریا میں سیلابی صورت حال کے باعث 200 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے جبکہ بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر اور فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ نائیجیریا کی 36 ریاستوں میں سے 28 ریاستوں میں سیلاب کے باعث ناقص انفرا سٹرکچر اور خستہ حال ڈیموں کی وجہ سے 185 افراد ہلاک اور 2 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے۔

ایجنسی نے بتایا کہ بے گھر افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ سیلاب سے ایک لاکھ 7 ہزار ایکٹر پر پھیلی فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں جس کے سبب سخت متاثرہ شمالی علاقے میں خوراک کی قلت کا مزید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

نائیجیریا کی ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں سیلاب مزید بدتر ہو سکتا ہے کیونکہ سیلاب کا پانی وسطی اور جنوبی ریاستوں کی جانب نیچے کی طرف بہہ رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر سال نائیجیریا کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی بڑی وجہ ماحولیاتی گائیڈلائنز پر عمل درآمد نہ کرنا اور ناقص انفرا سٹرکچر ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں