چرنا جزیرے کو پاکستان کا دوسراسمندری محفوظ علاقہ قراردے دیا گیا

کوئٹہ: (دنیا نیوز) چرنا جزیرے کو پاکستان کا دوسراسمندری محفوظ علاقہ قراردے دیا گیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے چرنا آئی لینڈ کو پاکستان کا دوسرا میرین پروٹیکٹڈ ایریا قرار دینے پر حکومت بلوچستان کو سراہا، بلوچستان کی کابینہ نے چرنا آئی لینڈ کو دوسرا میرین پروٹیکٹڈ ایریا ایم پی اے قرار دینے کی منظوری دی۔

اس سے قبل حکومت بلوچستان نے جون 2017 میں استولا جزیرہ کو پہلا میرین پروٹیکٹڈ ایریا قرار دیا تھا، چرنا جزیرہ، آسٹولا جزیرہ کی طرح پاکستان کے ان محدود سمندری علاقوں میں سے ایک ہے جہاں مرجان کا مسکن ہے، اسے حیاتیاتی تنوع کا ہاٹ سپاٹ کہا جاتا۔

چرنا جزیرے کو بڑے پیمانے پر اسکوبا ڈائیونگ، اسنارکلنگ، کلف جمپنگ، جیٹ اسکیئنگ اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، چرنا جزیرہ ماہی گیری کا ایک اہم میدان سمجھا جاتا ہے جہاں سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر بڑی تعداد میں کام کرتے ہیں۔

ترجمان ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق چرنا جزیرے میں سمندری ماحولیاتی نظام اور متنوع جنگلی حیات کو بہت سی انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے شدید خطرات لاحق ہیں جن میں پاور پلانٹس کی ترقی، سنگل پوائنٹ مورنگ، قریبی علاقے میں آئل ریفائنری کے ساتھ ساتھ تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں