ایران ایٹم بم سے زیادہ طاقتور بم رکھتا ہے: سابق جنرل پاسداران انقلاب

تہران: (دنیا نیوز) پاسداران انقلاب کے سابق سیکرٹری ابراہیم رُستمی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیاروں سے بھی زیادہ طاقتور ہتھیار موجود ہیں۔

پاسداران انقلاب کے سابق سیکرٹری ابراہیم رُستمی نے کہا کہ ایران نے اپنی دفاعی قوت کو خفیہ رکھا ہوا ہے، ایران، عراق اور افغانستان پر امریکی حملوں کے بعد اپنے دفاع کی خاطر ممکنہ جنگ کی تیاری میں مصروف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے میں موجود خطرہ سمجھے جانے والے مغربی اڈوں کو تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ سابق اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ ایران کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے کیلئے مشرق وسطی میں تاریخی صورتحال آچکی ہے۔

جس کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کے 39 اراکین نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا تھا کہ یہودی ریاست کی دھمکیوں کے تناظر میں نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ ایران کا دفاع ڈاکٹرائن سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے فتویٰ کے تحت ہے جس کے تحت نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری کی ممانعت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں