جونیئر ہاکی ایشیا کپ: پاکستان نے جاپان کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی

عمان: (دنیا نیوز) جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے جاپان کو 2 کے مقابلے 4 گول سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

عمان میں جاری جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے کپتان حنان شاہد نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی لیکن 3 منٹ بعد ہی جاپان کے تانکا توباشا نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔

ہاف ٹائم تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا، تاہم تیسرے کوارٹر کے 38 ویں منٹ میں علی بشارت نے گول کر کے پاکستان کو پھر برتری دلائی لیکن اس بار بھی جاپان کے یاماناکا نے گول کر کے مقابلہ پھر 2-2 سے برابر کر دیا۔

کپتان حنان شاہد نے چوتھے اور آخری کوارٹر میں خوبصورت فیلڈ گول کر کے ایک گول کی سبقت حاصل کی جبکہ میچ کے 52 ویں منٹ میں پاکستان کو پنالٹی سٹروک ملا جس پر سفیان خان نے گول کر کے مقابلہ 2-4 کر دیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔

واضح رہے کہ جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں سفیان خان کا یہ دسواں گول تھا، پاکستان نے گزشتہ سال بھی جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا فائنل کھیل کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں