پنجاب حکومت کا چھوٹے کاروبار کے فروغ کیلئے 'کاروبار کارڈ' متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے چھوٹے کاروبار کے فروغ کیلئے "کاروبار کارڈ" سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں منتخب تجارتی سیکٹرز میں ترجیحی بنیادوں پر قرضے دینے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بلاسود سمال اور میڈیم لون دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔

اجلاس میں میڈیم کاروبار کے لئے" چیف منسٹر آسان کاروبار فنانسنگ سکیم" اور بڑے شہروں میں سمال اور میڈیم انڈسٹری کیلئے الگ زون مختص کرنے پر اتفاق ہوا، منصوبے کے تحت تین کروڑ تک قرضے دینے کی تجویز دی گئی ہے، بزنس کارڈ سکیم کے تحت ایک سے دس لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا۔

قرض کی پہلی قسط ملنے کے بعد 3 ماہ کا گریس پریڈ بھی دیا جائے گا،   چیف منسٹر آسان کاروبار فنانسنگ سکیم   کے تحت 5 سال تک قرض ادا کرنا ہوگا، کاروبار کارڈ ریسٹورنٹ سمیت 10 ایریاز میں ادائیگی کے لئے استعمال نہیں ہوسکے گا، نوازشریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی سٹارٹ اپ کے لئے ترجیحاً لون مل سکے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سمال اور میڈیم لون سکیم کیلئے جامع پلان طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں تجارت اور صنعت کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع بڑھائیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں