9 مئی کے جرم کو مذاکرات کے لبادے میں نہ لپیٹا جائے: ملک احمد خان

قصور: (دنیا نیوز) سپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ نو مئی کے جرم کو مذاکرات کے لبادے میں نہ لپیٹا جائے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے نجی سکول میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، طلبہ میں انعامات تقسیم کئے، شاندار کارکردگی کو سراہا، سپیکر پنجاب اسمبلی نے تعلیمی اداروں میں بہتری کی یقین دہانی کرائی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے تقریب سے کرتے ہوئے کہا کہ بطور والدین آپ بچے کی جیسی تربیت کریں گے وہ ویسا ہی بنے گا، چھوٹی عمر میں بچے کی تربیت پختہ ہوجاتی ہے جس کے لئے عمل کی ضرورت ہے، ہرعادت میں جذبہ حب الوطنی لازمی ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام شروع کیا گیا، سب کو اسکی آنر شپ لینا چاہئے، میری سب سے گزارش ہے کہ اس پروگرام کو سنجیدگی سے لیں۔

ملک احمد خان نے کہا کہ میں مذاکرات کے حق میں ہوں لیکن جرم اور سیاست میں فرق کریں، کسی کو کوئی کیسے حق دیتا ہے کہ میرے گھر کو جلا دے اور پھر کہے کہ مجھے سے بات کرے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ کسی غریب آدمی کی جھونپڑی جل جائے تو پچیس سال ضمانت نہیں ہے، انہوں نے تو پوری فوج کے انتیس ادارے جلائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں