اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی زندگی اور صحت کا تحفظ یقینی بنائے: ماہرین اقوام متحدہ کا مطالبہ
نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ماہرین نے اسرائیل سے مطالبہ ہے کہ فلسطینیوں کی زندگی اور صحت کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال پر حالیہ حملے اور اس کے ڈائریکٹر کی گرفتاری اور حراست کے بعد اقوام متحدہ کے دو آزاد ماہرین نے غزہ میں صحت کے حق کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
ماہرین کہنا ہے کہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے جاری نسل کشی کے دوران اسرائیل کی جانب سے غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صحت کے حق پر کھلی جارحیت نے انصاف سے بالاتر رہنے کی نئی گہرائیوں کو چھو لیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بیان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے مقرر کردہ دو آزاد ماہرین ڈاکٹر تلالینگ موفوکینگ (جسمانی اور ذہنی صحت کے حق کی خصوصی نمائندہ) اور فرانسسکا البانیز (مقبوضہ فلسطینی علاقے میں انسانی حقوق کی صورت حال کی خصوصی نمائندہ) کی جانب سے جاری کیا گیا۔
ماہرین نے شمالی غزہ میں صحت کے کارکنوں پر حملے، خاص طور پر 22 تباہ شدہ ہسپتالوں میں سے آخری بچنے والے کمال عدوان ہسپتال کے خلاف کارروائی پر صدمے اور تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ اور پورے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں زندگی اور صحت کے حق کا احترام اور تحفظ کرے۔
انہوں نے زور دے کر کہاکہ انہیں ڈاکٹر حسام ابو صفیہ اور تمام دیگر من مانی حراست میں لئے گئے صحت کے کارکنوں کی فوری رہائی کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔