ذوالفقار علی بھٹو کی آج 97ویں سالگرہ، مختلف شہروں میں تقریبات
کراچی: (فرحین عاطف) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی آج 97ویں سالگرہ منائی جارہی ہے اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
ذو الفقار علی بھٹو5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے برکلے یونیورسٹی کیلیفورنیا سے سیاسیات میں گریجوایشن اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے اصول قانون میں ماسٹرزکیا، بھٹو پہلے ایشیائی شخصیت تھے جنھیں انگلستان کی یونیورسٹی ساؤتھ ہیمپٹن میں بین الاقوامی قانون کا استاد مقرر کیا گیا۔
وہ مسلم لاء کالج کراچی میں دستوری قانون کے لیکچرار بھی رہے اور1953 میں سندھ ہائی کورٹ میں وکالت شروع کی۔
1967میں بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا، ذوالفقار علی بھٹو نےپاکستان کو 1973 کا آئین دیا اوراس کے نفاذ کے بعدملک کے وزیرِ اعظم بنے، انہوں نے پاکستان میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ذوالفقار علی بھٹواپنے منفرد انداز، سیاسی تدبر اور فکر انگیز گفتگو کے باعث ملکی تاریخ میں اہم مقام رکھتے ہیں، 4 اپریل 1979 کو عدالتی حکم پربھٹو کو پھانسی دے دی گئی۔
بھٹو شہید پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے: آصف زرداری
شہید ذوالفقار علی بھٹو کے97 ویں یوم پیدائش کےموقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ بھٹو شہید نے پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی بنیاد رکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے صنعتی اور تکنیکی شعبے کو ترقی دی،بھٹو شہید پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے۔
سالگرہ تقریبات
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی بدر کے دفتر میں تقریب میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منور انجم، پنجاب پی ایس ایف کے صدر سہیل ملک، لاہور کے سابق ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید واجد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں مقررین نے مرحوم وزیراعظم بھٹو کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا، تقریب کا اختتام سید واجد علی شاہ کی ملی نظم سے ہوا۔