بی ایل اے بیرونی قوتوں کی آلہ کار، معصوم بلوچوں کی جان کی دشمن

تربت: (دنیا نیوز) گزشتہ روز 4 جنوری کو کالعدم بی ایل اے نے تربت میں ایک مسافر بس پر حملہ کیا جس میں چار معصوم شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے سے یہ ثابت ہوتا ہے دہشتگرد تنظیم بی ایل اے اپنے مذموم مقاصد کیلئے معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، ایک جانب بی ایل اے خود کو بلوچ عوام کے حقوق کا علمبردار قرار دیتی ہے دوسری جانب ان معصوم بلوچوں کی جان کی بھی دشمن ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ یہ حملہ بی ایل اے کی منافقت کا کھلا ثبوت ہے اور ثابت کرتا ہے کہ ان کی تربیت ہی معصوم لوگوں کی جان لینا ہے، بی ایل اے کی بلوچ عوام کیخلاف نفرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے ایک سال میں 100 سے زائد معصوم بلوچ شہریوں کو شہید کیا۔

یہ بھی پڑھیں: تربت کے علاقے میں دھماکہ، 4افراد جاں بحق، 32زخمی

سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ سال 9 نومبر کو بھی ایک خود کش حملے میں بی ایل اے نے 10 سے زائد معصوم بلوچ شہریوں کی جان لی، بی ایل اے عوام دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے ہی لوگوں کے خلاف بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ان کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بی ایل اے بیرونی طاقتوں، خصوصاً بھارتی خفیہ ایجنسی را، اسرائیلی ایجنسی موساد اور مغربی قوتوں کا آلہ کار ہے، مکتی باہنی جیسی دہشتگرد حکمت عملی اپنانا بی ایل اے کی سازش کا حصہ ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں