صیہونی فورسز کا حملہ، ایک ہی خاندان کے 11 افراد سمیت 65 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی فورسز کے غزہ میں حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا، تازہ حملوں میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد سمیت 65 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں گاڑی کو ڈرون سے نشانہ بنایا اور رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 65 سے زائد فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

دوسری جانب مصر اور قطر کی کوششوں سے قطر میں غزہ جنگ بندی مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔

حماس رہنما باسم نعیم نے معاہدے کے لیے اسرائیلی فوج کا انخلا اور بے گھر فلسطینیوں کی واپسی کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

ادھر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے اسرائیل کا کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر کو حراست میں رکھنا غزہ میں صحت کے شعبے کو تباہ کرنے اور نسل کشی کا ارادہ ظاہر کرتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں