پاکستان کا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ صبح 6 بج کر 45 منٹ پر لانچ ہوگا

کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان کے خلائی پروگرام نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، پاکستان کا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ صبح 6 بج کر 45 منٹ پر لانچ ہوگا۔

سپارکو ترجمان کے مطابق سیٹلائٹ کی لانچنگ چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے ہوگی، سیٹلائٹ کی لانچنگ کے مناظر سپارکو کمپلیکس کراچی میں لائیو دکھائے جائیں گے، سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی پروگرام میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، اس سے زمینی مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

ترجمان نے بتایا کہ فصلوں کی پیداوار، انفراسٹرکچر اور شہری پھیلاؤ کی نگرانی ممکن ہوگی، سیٹلائٹ سیلاب، زلزلے اور زمینی کھسکاؤ کی نگرانی کرے گا، گلیشیئرز اور جنگلات کی نگرانی سے آفات کا انتظام بہتر ہوگا۔

سپارکو ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک اور قومی منصوبوں کو جغرافیائی ڈیٹا سے معاونت فراہم کرے گا، ماحولیات اور وسائل کے بہتر انتظام میں مددگار ثابت ہوگا، سیٹلائٹ کا انضمام پی آر ایس ایس-1 اور ای او-1 کے ساتھ کیا جائے گا، منصوبہ سپارکو کے ویژن 2047 اور قومی خلائی پالیسی کے مطابق ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں