پاکستان آئیڈل انصاف پر مبنی پلیٹ فارم ہے جو نیا ٹیلنٹ سامنے لا رہا ہے: راحت فتح علی خان
لاہور: (ویب ڈیسک) موسیقی کے سب سے بڑے پروگرام پاکستان آئیڈل نے کامیابی کی نئی منازل طے کرتے ہوئے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا لی، پروگرام کی مقبولیت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ عالمی سطح پر اس کے چرچے ہونے لگے۔
شو میں پہلی بار گلوکار کو شاندار ٹریبیوٹ پیش کیا گیا جسے ناظرین نے بے حد سراہا، سٹار گلوکار استاد راحت فتح علی خان اور ان کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
استاد راحت فتح علی خان کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان آئیڈل ایک انصاف پر مبنی پلیٹ فارم ہے جو ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہا ہے، پروگرام میں پاکستانی فلمی اور غیر فلمی سدا بہار گیتوں کو نئی آوازوں کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے جنہیں شائقینِ موسیقی بے حد پسند کر رہے ہیں جبکہ شو کا دلکش اور قیمتی سیٹ بھی ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
پاکستان آئیڈل کے سیٹ پر لائف اسٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، اس موقع پر پروگرام میں حصہ لینے والے مستقبل کے سپر سٹارز نہایت پرجوش دکھائی دیے جن کی آنکھوں میں سجے خواب حقیقت کا روپ دھارتے نظر آ رہے تھے۔
پروگرام میں عالمی شہرت یافتہ صوفی سنگر استاد راحت فتح علی خان، جو آکسفورڈ یونیورسٹی سے موسیقی میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی رکھتے ہیں، نے خصوصی گفتگو کی اور پاکستان آئیڈل کو پاکستانی موسیقی کے مستقبل کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔