نابینا افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے بینائی سے محروم افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب خصوصی افراد کو عطائے اختیار (ترمیمی)بل 2025 پنجاب اسمبلی حالیہ اجلاس میں پیش ہوا، جسے پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے بیت المال نے منظور کر لیا۔

متن کے مطابق بل کے تحت نابینا افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا، اس سے پہلے بینائی سے محروم افراد کی تعریف بل میں شامل نا ہے، 3/60 سے کم بینائی والے افراد خصوصی افراد کی فہرست میں شامل ہونگے، مکمل بینائی سے محروم افراد بھی خصوصی افراد کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

خصوصی افراد کی فہرست میں شامل ہونے سے نابینا افراد کو خصوصی سرٹیفکیٹ مل سکے گا، فہرست میں شامل ہونے سے نابینا افراد حکومتی سکیموں کا حصہ بن سکیں گے، نابینا افراد کو نوکری حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

بل کے مطابق خصوصی افراد سرٹیفکیٹ سے نابینا افراد میں علاج معالجے میں تعاون ملے گا، خصوصی افراد سرٹیفکیٹ سے نابینا افراد کو تعلیم حاصل کرنے میں آسانی ہو گی، بعد از کمیٹی منظوری بل پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا، بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں