امریکی جریدے نے کالعدم بی ایل اے کی دہشتگرد حکمت عملی عیاں کردی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی جریدے نے کالعدم بی ایل اے کی دہشتگرد حکمت عملی عیاں کردی۔
امریکی جریدے نیشنل انٹرسٹ کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کم لاگت اور زیادہ خوف پھیلانے کا ماڈل بن چکی، کالعدم بی ایل اے کے پاس علاقہ کنٹرول کرنے کی صلاحیت موجود نہیں، منتشر گروپس کا نیٹ ورک دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کالعدم بی ایل اے کی سرگرمیاں پورے خطے کیلئے خطرہ بنتی جا رہی ہیں، سرحد پار دہشت گرد نیٹ ورکس علاقائی مفادات کیلئے خطرہ ہیں، بلوچستان میں تشدد کو صرف معاشی محرومی سے جوڑنا حقائق مسخ کرنا ہے۔
امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ معاشی محرومیاں دہشت گردی کا جواز نہیں بن سکتیں، پاکستان، امریکا، برطانیہ اور چین بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے، افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیاروں سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ امریکا کو نیٹ ورکڈ دہشت گردی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، مشترکہ انسداد دہشت گردی حکمت عملی ناگزیر ہو چکی۔