امریکا نے حزب اللہ کی سرنگوں کا خاتمہ لبنان کے استحکام کیلئے اہم قرار دیدیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے حزب اللہ کی سرنگوں کا خاتمہ لبنان کے استحکام کیلئے اہم قرار دے دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمان کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ غیر سرکاری عناصر کی جانب سے گولہ بارود، میزائل اور خودکش ڈرون طیارے ذخیرہ کرنے کے لئے استعمال ہونے والی سرنگوں کو ختم کرنا لبنان اور پورے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
کوپر نے مزید کہا کہ یہ کامیابی لبنانی فوج کے پیشہ ورانہ کام کی عکاس ہے، انہوں نے امریکہ کی قیادت میں کام کرنے والی اس مکینیکل ٹیم کے کردار کی بھی تعریف کی جو اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والے وعدوں پر عمل درآمد میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کوششیں سکیورٹی خطرات کو کم کرنے اور علاقائی استحکام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔