فتنہ الہندوستان کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے: مولانا عبدالخبیر آزاد

پشاور: (دنیا نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کی کسی سازش کو پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بھارت شکست کا بدلہ پاکستان میں دہشت گردی کروا کر لے رہا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، پشاور میں چائنہ پاکستان سینٹر بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وطن عزیز پاکستان اللہ کی طرف سے تحفہ ہے، رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، اللہ نے رمضان المبارک میں ہی پاکستان عطا کیا، پاکستان کو آج بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، جب قومیں متحد ہوں تب ہی ملک آگے بڑھتے ہیں، ہمارا دشمن بہت ہی چالاک اور عیار ہے، بھارت اور افغانستان آپس میں ملے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمییں معرکہ حق میں فتح عطا فرمائی، بھارت کو معرکہ حق میں شکست ہضم نہیں ہو رہی، جب اللہ کی مدد حاصل ہو تو معرکہ حق جیسی کامیابیاں ملتی ہیں، معرکہ حق میں ہندوستان کا غرور خاک میں مل گیا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ ہندوستان شکست کا بدلہ پاکستان میں دہشتگردی کرواکر لے رہا ہے، اسلام آباد میں عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا، کل باجوڑ میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، یہ دہشت گرد درندہ صفت لوگ ہیں۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے، آج پوری قوم افواج کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے، دشمن کا کوئی ایجنڈا اور سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، فتنہ الہندوستان کی کسی سازش کو پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، آئیں مل کر وطن عزیز پاکستان کو مضبوط بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں