ٹریفک پولیس لاہور کے نئے یونیفارم کی پروقار تقریب، سی ٹی او نے افتتاح کیا
لاہور:(دنیا نیوز) ٹریفک پولیس لاہور کے نئے یونیفارم کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
ٹریفک پولیس لاہور کے نئے یونیفارم کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جو وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جدید پولیسنگ ویژن کی عملی تکمیل کا ایک اہم حصہ ہے۔
یہ تقریب سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے تحت ہوئی جس میں سی ٹی او لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید اور دیگر افسران نے نئے یونیفارم پہن کر اس کا باقاعدہ آغاز کیا۔
نئے یونیفارم کا ڈیزائن جدید، پروفیشنل اور عوام دوست ہے جو پرانے ہلکے نیلے رنگ کی بجائے ڈارک بلیو (نیوی بلیو) پینٹس اور سفید شرٹ پر مشتمل ہے، دفاتر میں تعینات عملے کے لیے کوٹ بھی شامل ہے جب کہ خواتین اہلکاروں کو سکارف اور کیپ کی سہولت دی گئی ہے۔
اس تقریب کے بعد لاہور کی ٹریفک پولیس 9 مارچ سے شہر کی شاہراہوں پر نئے یونیفارم میں ڈیوٹی سرانجام دے گی، یہ تبدیلی پہلے مرحلے میں صرف لاہور تک محدود ہے جب کہ بعد کے مراحل میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی اور دیگر اضلاع میں بھی نافذ ہوگی۔
یہ اقدام تقریباً 20 سال بعد ٹریفک پولیس کے یونیفارم میں تبدیلی ہے، جس کا مقصد پولیس کی پیشہ ورانہ شکل بہتر بنانا، عوامی تاثر مثبت کرنا اور جدید ٹریفک مینجمنٹ کو فروغ دینا ہے، اس کے ساتھ نئی الیکٹرک گاڑیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں، یہ ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے جو لاہور کی ٹریفک پولیس کو مزید موثر اور جدید بنانے میں مدد دے گا۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ لائسنسنگ سینٹرز اور دفاتر میں تعینات مرد و خواتین عملہ نیوی بلیو پینٹ، کوٹ، ٹائی، سفید شرٹ اور پی کیپ کے ساتھ فرائض سرانجام دے گا،نئے یونیفارم کے رنگ، بیجز اور ڈیزائن کو بین الاقوامی پولیسنگ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔
اطہروحید نے کہا کہ نئے یونیفارم کا بنیادی مقصد ٹریفک فورس میں نئے جذبے اور پیشہ ورانہ وقار کو فروغ دینا ہے تاکہ شہری پولیس کو اپنا محافظ اور مددگار سمجھیں، نئے یونیفارم کے ساتھ ٹریفک پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ گاڑیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نئے یونیفارم، جدید گاڑیوں اور ملٹی آپشنز پر مشتمل ون ایپ کا باقاعدہ آغاز بھی لاہور میں کر دیا گیا ہے، ون ایپ کے ذریعے ٹریفک وارڈنز ایک ہی کلک پر مختلف آپریشنل سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے متعدد کارروائیاں فوری طور پر انجام دے سکیں گے۔
سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس اور شناختی کارڈ کی تصدیق، ای چالان، کرائم ریکارڈ، چوری شدہ گاڑیوں کا ڈیٹا، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی معلومات ایک کلک پر سکرین پر دستیاب ہوں گی۔