ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا امکان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا امکان، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

الرٹ کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں، آندھی جھکڑ کے ساتھ مزید بارش اور متعدد مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات،کالام،منگورہ، بٹگرام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کی توقع ہے۔

ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری، راولپنڈی، اٹک، گوجر خان، جہلم، چکوا ل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اورمنڈی بہاؤالدین میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق نارووال، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ، بورے والا، ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپورمیں بھی بارش کا امکان ہے۔

سندھ میں کراچی سمیت حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول، جامشورو، دادو، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی،نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، عمر کوٹ، تھرپارکر، میر پور خاص، ٹنڈو آلہ یاراور ٹنڈومحمد خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، استور، دیامر، خرمنگ، شگر، غزر، نگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، میر پور، بھمبر اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، نوشکی، خضدار، آواران،واشک، پنجگور، تربت، گوادر اور لسبیلہ میں آندھی اور تیز ہواؤں سمیت بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، مسافر احتیاط کریں، پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں، تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں۔

الرٹ میں سیاحوں اور مسافروں کو شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ  پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ  سے بروقت معلومات حاصل کریں۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں