91 سال کی عمر میں پہلی بار دادا بننے کا عالمی ریکارڈ قائم

کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک معمر شخص نے پہلی بار دادا بننے کی سب سے زیادہ عمر کا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق چارلس سمتھ اس وقت 91 برس اور 209 دن کے تھے جب ان کی پوتی کی پیدائش ہوئی، دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ان کے بیٹے ایشلے سمتھ کی پیدائش ہوئی تھی تو اس وقت ان کی عمر 55 برس تھی۔

چارلس سمتھ نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے پہلی بار اپنی پوتی کو گود میں اٹھایا تو ان کا دل نہیں چاہا کہ اسے نیچے اتاریں۔

ان کے بیٹے ایشلے سمتھ کا کہنا تھا کہ ان کے والد نہ صرف ایک ریکارڈ ہولڈر ہیں بلکہ ایک متاثر کن شخصیت بھی ہیں، چارلس سمتھ کی سب سے نمایاں خوبی ان کی خودمختاری اور زندگی سے بھرپور انداز ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ان کے والد ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بھرپور زندگی گزار رہے ہیں، وہ اپنی کیمپر وین میں پورے آسٹریلیا کا سفر کرتے ہیں اور مورٹن بے میں کشتی رانی سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں