نیت ٹھیک ہو اور آپ کوشش کریں تو اللہ راستے بناتا ہے: ایاز صادق
لاہور:(دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ نیت ٹھیک ہو اور آپ کوشش کریں تو اللہ تعالیٰ راستے بناتا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کے لیے پاکستان نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، اسحاق ڈار گرگئے فریکچر ہوا مگر اگلے دن چین چلے گئے، امریکا اور ایران کی جنگ میں پاکستان پہلا ملک تھا جس نے جنگ کی مخالفت کی۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوران دونوں اطراف کے وفود گرما گرمی کے بعد چلے جاتے تھے لیکن نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ان کو دوبارہ بٹھا دیتے تھے۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت کی توجہ تعمیر اور ترقی پر نہیں تھی بلکہ خود پر تھی، نواز شریف، شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے حلقے کے لیے 38 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے اور مجھے لگتا ہے کہ اس سال کے آخر تک پورے پنجاب کی سڑکیں مکمل ہو جائیں گی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ نیت ٹھیک ہو اور آپ کوشش کریں تو اللہ تعالیٰ راستے بناتا ہے، پاکستان کی تقدیر 2022 سے بدلنا شروع ہوئی، 2022 میں پی ڈی ایم کی حکومت میں کوئی نہیں آنا چاہتا تھا، بہت مشکل حالات تھے، مہنگائی تھی مشکلات تھیں لیکن ہماری جماعت نے مشکل فیصلہ لے لیا اور وہیں سے نئی ٹیم کی بنیاد رکھی گئی اور ملک کو قدموں پر کھڑا کرنا شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہی وقت تھا نئے سپہ سالار آئے، ہم کہتے ہیں نئے سپہ سالار کا نواز شریف کا فیصلہ بہترین تھا، نئی حکومت میں وزیر اعظم کے لیے پہلے سے زیادہ چیلنجز تھے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میری جن لوگوں سے ملاقات ہوئی سب بہت خوش ہیں، ہم روس، چین، امریکا اور ایران سے دوستی رکھتے ہیں، بھارت سے ہماری دوستی نہیں ہے، لوگ کہتے تھے پاکستان کے پاس پیسے نہیں لیکن پاکستان نے 10 گناہ طاقت کو شکست دی، ہمارے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے اہم کردار ادا کیا، ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مودی سمجھتے تھے کہ شہباز شریف پچھلے وزیر اعظم کی طرح کہیں گے کیا ہندوستان پر حملہ کردوں، پاکستان کی مرکزی قیادت نے بیٹھ کر ایک ہی فیصلہ کیا کہ پاکستان کی عزت بحال کرنی ہے، وزیر اعظم نے اس وقت دنیا کے تمام ممالک سے رابطہ کرکے کہا کہ آؤ ٹیم بنا کر انکوائری کروالو، اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح دی۔
اُنہوں نے کہا کہ واقعی معجزے ہوئے ہیں، دنیا کی تاریخ میں یہ تیسری عالمی جنگ روکنے کے مترادف ہے، میں ترکی گیا وہاں پر دیگر ممالک کے سربراہان روک کر مجھے کہتے تھے کہ آپ جو کام کررہے ہیں ہم اس کے لیے دعا گو ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ دنیا کا ہر ملک مہنگائی سے متاثر ہوا ہے، 12 تاریخ کو مجھے بتایا گیا کہ ڈرافٹ ایگریمنٹ بن رہا ہے لیکن نہیں ہوسکا اور دونوں وفود چلے گئے، ہمیشہ خدشہ تھا ایران اور امریکا کے جہاز پر کوئی شرارت ہو گئی تو سب چکنا چور ہوجائے گا، اگر اسلام آباد سے 20 میل دور بھی بم پھٹتا تو لوگ واپس چلے جاتے۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سب کی نیت بہترین ہے، 47 سال میں یہ لوگ کسی ایک ملک یا شہر میں اکٹھے نہیں ہوئے لیکن پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عزت دی ہے۔