مناب سکول پر امریکی حملے میں شہید بچوں کے والدین کا پوپ لیو کو خط، شکریہ ادا کیا

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے شہر مناب میں امریکی حملے میں شہید ہونے سکول کے بچوں کے والدین نے کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو کو خط لکھ دیا۔

خط میں والدین نے شہید بچوں کی آواز بننے پر پوپ لیو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کا پیغام ‘ہتھیار رکھ دیے جائیں‘ ضرور سنا جائے گا۔

شہید ہونے والے سکول کے بچوں کے والدین کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس نے ابھی تک مناب سکول حملے پر معذرت نہیں کی۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مناب میں سکول پر امریکی حملے میں بچیوں سمیت 168 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے۔

دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ قومی یومِ دختران پر اپنی سرزمین کی بیٹیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم اپنےعزیزوں، خصوصاً مناب سکول کی معصوم بیٹیوں کی شہادت پر غمزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں رمضان میں مسلط کردہ جنگ کے پہلے دن امریکی صیہونی دشمن کے ہاتھوں شہید ہوئیں، باوقار ایرانی قوم جان لے ہماری شہید بیٹیوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائےگا۔

قبل ازیں پوپ لیو نے ایک بار پھر ایران پر حملوں کی مخالفت کرتے ہوئے مسئلے کے پُرامن حل پر زور دیا ہے۔

عالمی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ صرف مذاکرات کی طرف واپسی کے ذریعے ہی جنگ کا خاتمہ ممکن ہے، ایرانی شہریوں کی جان خطرے میں ہے، یہ بین الاقوامی قانونی مسائل سے بڑھ کر اخلاقی مسئلہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ عالمی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ تشدد اور جنگ روک کر امن کا راستہ تلاش کریں، تنازعات کے حل کیلئے میز پر بیٹھیں نہ کہ اس میز پر جہاں ہتھیار بنانے اور مہلک اقدامات کے فیصلے ہوں۔

پوپ لیو نے مزید کہا کہ غیر منصفانہ جنگ صرف بڑھ رہی ہے، اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، مشرق وسطیٰ کی صورتِ حال عالمی معاشی اور توانائی کے بحران کے ساتھ نفرت کو بھی ہوا دے رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں