صدر مملکت اور وزیراعظم کی محنت کشوں کے وقار و تحفظ کو یقینی بنانے کی اپیل

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت اور وزیراعظم نے کاروباری برادری اور صنعتکاروں سمیت متعلقہ فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی محنت کش افرادی قوت کے وقار اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جو قوم اپنے مزدوروں کا تحفظ کرتی ہے، وہ اپنے مستقبل کا تحفظ کرتی ہے، محنت کشوں کو بااختیار بنانا پائیدار قومی طاقت کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی محنتی معیارات کو برقرار رکھنے اور کام کی جگہ پر بنیادی حقوق کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، جن میں منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، جبری اور کم سن بچوں سے مشقت کا خاتمہ اور امتیازی سلوک کا خاتمہ شامل ہے۔

دوسری جانب عالمی یوم مزدور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر بالخصوص پاکستان کے محنت کشں مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقات کی قربانی زندگی کو رواں دواں رکھتی ہے، معاشرے کے یہی بےلوث جفاکش سب سے بڑے اعزاز کے مستحق ہیں، مزدور اور ہنرمند افراد اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سمندرپار ہمارے لاکھوں محنت کش قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر ہیں، ان کی قابلیت اور محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سمندرپار پاکستانی ملکی معاشی استحکام میں قیمتی زرمبادلہ کی صورت اپنا حصہ ڈالتے ہیں، ہنرمندی، پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں