امریکی صدر نے پراجیکٹ فریڈم روک کر جرات کا مظاہرہ کیا: وزیراعظم کا ٹرمپ سے اظہار تشکر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کو گزرنے میں معاونت کرنے کے امریکی منصوبے ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو عارضی طور پر روکنے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جراتمندانہ اقدام پر ان کا شکر گزار ہوں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروجیکٹ فریڈم روکنے کا بروقت اعلان کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور دیگر برادر ممالک، بالخصوص مملکتِ سعودی عرب اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر مثبت ردعمل، اس نازک دور میں خطے میں امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان ان تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کے عزم پر قائم ہے جو تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کو فروغ دیتی ہیں، ہمیں امید ہے کہ موجودہ پیش رفت ایک دیرپا معاہدے کی راہ ہموار کرے گی جو خطے اور اس سے آگے پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں