معرکۂ حق کی فتح نے بھارت کو واضح اور دو ٹوک پیغام دیا: خواجہ آصف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کی عظیم فتح نے بھارت کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت، قومی اتحاد کا واضح اور دو ٹوک پیغام دیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق صرف ایک یادگار واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی واضح لکیر ہے جو ہمیشہ کے لیے کھینچ دی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس سے یہ بات بھی واضح ہو گئی ہے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہوگا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کی جوابی صلاحیت دشمن کے تصور سے کہیں زیادہ تیز اور مربوط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم بنیان مرصوص کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔
وزیرِ دفاع نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی نوجوانوں کا شعور اور اعتماد ملک کی اصل طاقت ہے، اور وہ بخوبی جانتے ہیں کہ وطن کا دفاع کیسے کرنا ہے۔