سابق امریکی جنرل کی ٹرمپ انتظامیہ کی ایران کیخلاف حکمت عملی پر شدید تنقید

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی ایران کے خلاف حکمت عملی پر سابق امریکی جنرل نے شدید تنقید کردی۔

ریٹائرڈ امریکی جنرل مارک کمٹ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف موجودہ تنازع میں بھی وہی غلطیاں دہرا رہا ہے جو اس نے ویتنام اور افغانستان کی جنگوں میں کی تھیں۔

عالمی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مارک کمٹ نے کہا کہ امریکا اب تک مزاحمتی جنگ لڑنے کی حکمت عملی کو صحیح طور پر نہیں سمجھ سکا، امریکی فوج ایک ایسی سوچ کا شکار رہی ہے جسے وہ ’’باڈی کاؤنٹ فیلسی‘‘ کہتے ہیں، یعنی یہ یقین کہ دشمن کے زیادہ افراد یا عسکری وسائل تباہ کرنے سے جنگ جیتی جا سکتی ہے۔

کمٹ نے کہا کہ امریکا یہ سمجھتا ہے کہ زیادہ راکٹ لانچر تباہ کرنے، جہاز ڈبونے اور فوجی یونٹس ختم کرنے سے کامیابی حاصل ہو جائے گی لیکن ماضی کے تجربات نے ثابت کیا ہے کہ ایسا ضروری نہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ امریکا ویتنام اور افغانستان کی جنگوں سے سبق کیوں نہیں سیکھ رہا تو انہوں نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا میں بھی یہی سوچتا ہوں۔

مارک کمِٹ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دو ہی راستے ہیں یا فریقین دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئیں گے یا پھر تنازع مزید عسکری شکل اختیار کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں