اسرائیلی طیاروں کا پناہ گزین کیمپ میں گھر پر فضائی حملہ، بچوں سمیت 6 فلسطینی زخمی

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی جنگی طیاروں نے شاطی پناہ گزین کیمپ میں ایک رہائشی گھر پر فضائی حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت چھ فلسطینی زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے علاقے کو خالی کرنے کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد مغربی غزہ سٹی میں واقع گھر پر بمباری کی گئی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جبکہ حملے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور آس پاس کے کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے حالیہ ہفتوں کے دوران غزہ کی پٹی پر حملوں میں مزید شدت پیدا کر دی ہے، غزہ گزشتہ دو برس سے جاری جنگ کے باعث شدید تباہی کا شکار ہے، جبکہ مختلف رپورٹس کے مطابق اس تنازع میں 72 ہزار 500 سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تازہ حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا کی حمایت سے قائم کئے گئے نئے انتظامی ڈھانچے غیر مؤثر دکھائی دے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں