مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی سمیت کسی نے عوام کا نہیں سوچا: حافظ نعیم الرحمان
فیصل آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی کسی نے عوام کا نہیں سوچا۔
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ممبرسازی کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وسائل اور منرلز کی کمی نہیں ہے، پاکستان کا اصل اثاثہ یہاں کی نوجوان نسل ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جن کو موقع ملتا ہے وہ پوری دنیا میں خود کو منواتے ہیں ایک مخصوص طبقہ اسے کھانے میں لگا ہے،اس طبقے کا خاص قسم کا اتحاد ہے، یہ طبقہ بیوروکریٹس، وڈیروں اور جاگیرداروں کا ہے۔
امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ مل کر جعلی معاہدے کیے، 32 سال سے آئی پی پیز عوام کا خون نچوڑتے رہے، پاکستانی قوم ان آئی پی پیز کو پلانٹس بند رکھنے کے بھی پیسے دیتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کہتی ہے لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، حکومت نے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا، یہ ہم سے پیسے لے کر چند لوگوں کو کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں پیسے دیتے ہیں جب کہ گندم کی فی من قیمت کسانوں کو صرف 3500 روپے ملی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ زرعی ادویات انتہائی مہنگی ہیں، قیمت نکلنے پر پنجاب حکومت کی بنائی کمپنیاں گندم اٹھاتی ہیں، یہ کمپنیاں بعد میں انتہائی مہنگی گندم بیچتی ہیں، چھوٹا سا مافیا حکمرانوں کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹ رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ چار سڑکیں بنانا گڈ گورننس نہیں ہے، حکومت کا کام اپنی عوام کو تعلیم دینا ہے،بچوں کو مفت، معیاری اور لازمی تعلیم دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جس پنجاب میں کہا جاتا ہے مریم نواز بہت کام کر رہی ہیں وہاں تعلیم کا کیا حال ہے، یہ عوام کے پیسوں سے اپنی تشہیر کرتے ہیں، پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے سکول میں نہیں جاتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان بچوں کو مافیا اپنا شکار کر لیتے ہیں،40، 50 سال سے یہ خاندان حکومت میں ہے لیکن تعلیم نہیں دے سکا، کامرس کالجز کو حکومت بیچ رہی ہے، یہاں یونیورسٹیز کو پیسے نہیں دیتے، اب غریب اور متوسط طبقے کو بچے پڑھانا مشکل ہو چکا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ عوام سے پیسے لیتے ہیں لیکن بچوں کو تعلیم نہیں دیتے، یہاں طبقاتی نظام تعلیم ہے، امیر غریب کی تعلیم الگ الگ ہے، انہوں نے پنجاب اور ملک بھر کو جاہل بنایا ہے،یہاں عوام کی اکثریت عدالتوں میں جانے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 40 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی کسی نے عوام کا نہیں سوچا،مریم نواز عوام کو صحت کی سہولیات دینے میں بھی ناکام ہو چکیں، نواز شریف، شہباز شریف نے بھی عوام کو کوئی سہولت نہیں دی۔
اُنہوں نے کہا کہ صحت کے بنیادی مراکز کے نام مریم نواز رکھ دیے گئے ہیں، پہلے 11 ہزار اب مزید 25 ہزار سکول آؤٹ سورس کیے جا رہے ہیں، حکومت کا کام سکولوں کا معیاربہتر کرنا تھا، یہ آؤٹ سورس کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ کے مطابق پٹرول کی قیمت طے کریں، پٹرول پر اس وقت 120 روپے صرف لیوی ہے حکومت نے لیوی صرف عوام کو لوٹنے کے لیے رکھی ہے۔