صدر، وزیراعظم کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں فتنہ ہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد بھٹی اور دیگر کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، صدرِ مملکت نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی انہوں نے کہا کہ فتنہ ہندوستان اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نوشام، بارکھان بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن اور فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔

وزیرِاعظم نے آپریشن کے دوران ارض وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد بھٹی شہید، نائیک فدا حسین شہید، سپاہی ذاکر حسین شہید، سپاہی سہیل احمد شہید اور سپاہی محمد ایاز شہید کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی، شہداء کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے کہا کہ وطن کے عظیم سپوتوں نے دہشتگردوں سے ملک کی حفاظت کے دوران عہد وفا کی عظیم مثال قائم کی۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی. سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار ارض وطن کی حفاظت میں دن رات مصروف عمل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں