23 ویں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر ایشیا 2026 کا کامیابی کیساتھ اختتام

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں صنعتی شعبے کا عالمی ایونٹ 23 ویں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر ایشیا 2026 کراچی میں کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچ گیا۔

ایونٹ میں چین سمیت مختلف ممالک کے صنعتی وفود اور سرمایہ کاروں نے بھرپور شرکت کی، یہ نمائش عالمی صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی ہے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں، صنعتی تعاون اور عالمی سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ایونٹ کے دوران چینی آئی بی آئی گروپ نے پاکستان کی اہم صنعتی و تجارتی تنظیموں کے ساتھ متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے۔

نمائش میں پی زیڈ اے اور گلگت بلتستان پویلین بین الاقوامی وفود اور سرمایہ کاروں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔

اس موقع پر سولر انرجی، انجینئرنگ، آئل اینڈ گیس، پلاسٹک، کیمیکل اور معدنیات کے شعبوں سے متعلق جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی مصنوعات پیش کی گئیں، ایونٹ کے دوران جدید ای کامرس ماڈلز، بی ٹو بی ملاقاتوں اور صنعتی نیٹ ورکنگ سرگرمیوں نے مقامی اور عالمی کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنایا۔

آئی ٹی آئی ایف ایشیا 2026 نے پاکستان میں عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کیا، جبکہ پاکستان صنعتی ترقی، عالمی سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں