دنیا میں جمہوریت ناکام نظر آ رہی، اِس لیے 22مئی سے مظاہروں کا اعلان کیا: فضل الرحمان
کراچی :(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے دنیا میں جمہوریت ناکام نظر آ رہی ہے اِس لیے 22مئی سے ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
شہر قائد کے پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صوبہ خببر پختونخوا اور بلوچستان میں بدامنی عروج پر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف طرح کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں جب کہ حکمران امن وامان کے حوالے سے سنجیدہ نظر نہیں آر ہے ہیں ۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے طاقتور حلقے پارلیمنٹ اور حکومت پر اثر انداز ہیں ، آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، ملک کی حالت نہایت ہی بدحال ہو چکی ہے، ہمارے ملک کا محنت کش اپنے بچوں کے سکولوں کی فیسیں نہیں دے پا رہا، نہ ہی راشن خریدنے کی سکت رکھتا ہے اور علاج معالجہ کرانے سے بھی محروم نظر آتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے حکمران ملک کے غریب عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہے ہیں ، ہم اُن سے صرف اتنا کہنا چاہتے ہیں کہ خدارا اِس روش سے باز آ جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی اِس ملک میں محلاتی سازشیں ہوتی رہی ہیں جہاں روزانہ حکومتیں بنتی اور گِرتی تھی، عوام بظاہر تو ووٹ کا حق رکھتے ہیں لیکن ہر بار الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھتے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ماضی قریب میں ہم نے صورتِ حال کے مطابق اپنا احتجاج مؤخر کر دیا، ہم ملکی صورتحال اور حکومتی ذمہ داروں کو بھی سمجھتے ہیں، ایران امریکا تنازع کی سطح پر عالمی رہنما پاکستان آنے لگے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئین کا تحفظ کرنا عوام کی ذمہ داری ہے، آئیں! ہم سب مل کر ملک کی معیشت کو ٹھیک کریں، جمہوریت پوری دنیا میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم ملک کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں، سیاسی اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، امریکہ ہو یا مغربی دنیا میں جمہوریت ناکام نظر آتی ہے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کمزور ملک میں معدنی وسائل ہیں تو اس ملک کے صدر کو اٹھا لیا جاتا ہے، اس وقت ہم ملکی صورتحال کے ذمہ دار حکومت کو سمجھتے ہیں، اِس لیے 22 مئی کو ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔