میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کے قریب ہے: ٹرمپ ایرانی ردعمل سے مایوس

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تجاویز پر ایرانی ردعمل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے معاملے پر ان کا صبر اب ختم ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران اچھی طرح جانتا ہے کہ بہت جلد کیا ہونے والا ہے اور اس معاملے میں اگلا قدم جلد اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران اب پہلے کے مقابلے میں معاہدے کا زیادہ خواہشمند دکھائی دیتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ کسی قسم کی رعایت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں اور امریکا اپنے مؤقف پر قائم رہے گا، ان کے بیان نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور مذاکراتی صورتحال پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ بعض امریکی ذرائع ابلاغ ایران سے متعلق خبروں میں جانبدارانہ رویہ اختیار کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران ہتھیار ڈال دے اور اپنی بحریہ و فضائیہ کے خاتمے کا اعتراف بھی کر لے، تب بھی امریکی میڈیا ایران کو فاتح قرار دے گا، ان کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی فوج ہتھیار رکھ دے، سفید جھنڈا لہرا دے اور شکست تسلیم کر لے تو بھی بعض میڈیا ادارے یہی مؤقف اختیار کریں گے کہ ایران کامیاب رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایرانی قیادت امریکا کے سامنے جھک جائے اور شکست کی دستاویزات پر دستخط بھی کر دے تب بھی بعض میڈیا ادارے اسے ایران کی کامیابی قرار دیں گے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں بعض امریکی ذرائع ابلاغ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’جھوٹی خبریں پھیلانے والا میڈیا‘ قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹس اور بعض میڈیا ادارے ’اپنا راستہ کھو چکے ہیں‘۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں