سٹاروبیلسک کالج پر یوکرینی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی

ماسکو: (شاہد گھمن) لوگانسک پیپلز ریپبلک کے شہر سٹاروبیلسک میں کالج اور ہاسٹل پر یوکرینی ڈرون حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 16 ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

روسی ایمرجنسی وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ ملبے سے مزید چار بچوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں، جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 16 ہو گئی ہیں۔

روسی حکام کے مطابق حملے میں 42 افراد زخمی ہوئے جبکہ پانچ افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی افواج نے 22 مئی کی شب ڈرونز کے ذریعے لوگانسک پیڈاگوجیکل یونیورسٹی کے ووکیشنل کالج اور اس کے ہاسٹل کو نشانہ بنایا تھا۔

روسی حکام کا کہناہے کہ حملے کے وقت عمارت میں چودہ سے اٹھارہ سال کی عمر کے 86 طلبہ موجود تھے۔

ریسکیو ٹیمیں مسلسل ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

روس نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شہری اور تعلیمی تنصیبات کے خلاف خطرناک دہشتگرد کارروائی قرار دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں