ایرانی مسلح افواج کی آبنائے ہرمز کے قریب 4 بحری جہازوں پر انتباہی فائرنگ
تہران: (دنیا نیوز) ایران کی مسلح افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب 4 بحری جہازوں پر انتباہی فائرنگ کی ہے۔
مہر نیوز ایجنسی نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ یہ جہاز بغیر رابطے اور اجازت کے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے، جس پر ایرانی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے وارننگ شاٹس فائر کیے، متعلقہ جہازوں کو پہلے خبردار کیا گیا، تاہم ہدایات نظر انداز کیے جانے کے بعد انتباہی فائرنگ کی گئی۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ جہاز کس ملک سے تعلق رکھتے تھے یا آیا اس واقعے میں کسی قسم کا نقصان ہوا ہے۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی تیل تجارت کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔
حالیہ کچھ ہفتوں میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث اس علاقے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔