میئر نیویارک سٹی ظہران ممدانی کا ایران جنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ

نیویارک: (دنیا نیوز) میئر نیویارک سٹی ظہران ممدانی نے ایران جنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ظہران ممدانی نے کہا کہ تین ماہ قبل ایسی جنگ شروع کی گئی جس کے حق میں کسی نے ووٹ نہیں دیا، جنگ میں ہزاروں شہری جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ میں 13 امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے، جنگ کا بوجھ عام شہریوں اور محنت کش خاندانوں پر پڑ رہا ہے۔

ظہران ممدانی نے کہا کہ امریکا میں پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے، کانگریس کی منظوری کے بغیر شروع کی گئی جنگ کی قیمت لوگ ادا کر رہے ہیں۔

میئر نیویارک سٹی کا کہنا تھا کہ ضائع ہونے والی ہر جان اور عوام سے لیا جانے والا ہر ڈالر ایک غیرذمہ دارانہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں