فیفا ورلڈکپ کے آغاز سے قبل برازیل کو بڑا دھچکا
براسیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے دوستانہ میچز سے باہر ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ دوبارہ انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس انجری کے باعث نیمار کو مکمل صحت یابی میں دو سے تین ہفتے لگ سکتے ہیں، جس سے ان کی ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔
34 سالہ نیمار کو یہ انجری 17 مئی کو سینٹوس کی کوریتیبا کے خلاف 3-0 کی شکست کے دوران ہوئی تھی۔
اس کے اگلے ہی روز برازیل کے نئے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے انہیں ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا تھا جس پر شائقین نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔
— ESPN FC (@ESPNFC) May 28, 2026
کارلو اینسیلوٹی کا کہنا تھا کہ نیمار کی فٹنس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالیہ مہینوں میں ان کی جسمانی حالت میں واضح بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیمار ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں اور ورلڈ کپ میں ان کا کردار بہت اہم ہوگا۔
برازیل کے ٹیم ڈاکٹر روڈریگو لاسمار کی جانب سے انجری کی تصدیق کے بعد مڈفیلڈر کاسیمیرو نے بھی نیمار کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی فٹنس ٹیم کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ برازیل گروپ سی میں شامل ہے اور اسے 13 جون کو مراکش، 19 جون کو ہیٹی اور 24 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔