یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس کل سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس کل سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گی۔

کاجا کالاس نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں، دورے کے دوران اسحاق ڈار اور کاجا کالاس پاکستان۔یورپی یونین تزویراتی مذاکرات کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ وزیراعظم اور صدر مملکت سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی دیرینہ اور کثیرالجہتی شراکت داری کو بے حد اہمیت دیتا ہے، پاک۔یورپی یونین تعلقات مشترکہ اقدار، مضبوط اقتصادی تعاون اور کثیرالجہتی نظام سے مشترکہ وابستگی پر مبنی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطحی سیاسی روابط کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں فریقوں کے اس مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ پاکستان۔یورپی یونین شراکت داری کو مزید مستحکم بنایا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں