وزیراعلیٰ بلوچستان کا صوبے میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر اظہار اطمینان

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

ایک بیان میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظہر ہیں، دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رہے گا، ریاست دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک حکومت اور سکیورٹی ادارے بھرپور عزم کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور پائیدار امن کا قیام اولین ترجیح ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والے افسران اور جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں