بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے سہیل آفریدی اور مزمل اسلم کا عدالت سے رجوع
پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور مزمل اسلم نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ ہیں جب کہ مزمل اسلم وزیرِ اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ ہیں ہیں، وزیر اعلٰی صوبے میں گڈ گورننس کے ذمہ دار ہیں۔
درخواست گزار بانی پی ٹی آئی سے مختلف اہم صوبائی امور پر رہنمائی اور ہدایات حاصل کرنے کے لیے مشاورت کے پابند ہیں، صوبائی کابینہ کی تشکیل اور دیگر امور پر ہدایات کے لیے وزیر اعلیٰ نے ملاقات کی اجازت مانگی تھی۔
موقف اپنایا گیا کہ وفاقی سیکرٹری وزارتِ داخلہ، سیکرٹری محکمہ داخلہ، حکومتِ پنجاب سے ملاقات کے انتظامات کی درخواست کی تھی۔
جب وزیراعلیٰ کی درخواست پر کوئی کارروائی نہ ہوئی تو اس عدالت میں آئینی درخواست دائر کی تھی، توہینِ عدالت کی درخواست بھی دائر کی گئی تھی جو دیگر درخواستوں کے ساتھ تاحال زیرِ التوا ہے۔
درخواست میں یہ بھی لکھا گیا کہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی تیاری ایک اہم اور حساس صوبائی انتظامی معاملہ ہے، بانی پی ٹی آئی کی ہدایات اور رہنمائی انتہائی ضروری ہیں۔
خیبر پختونخوا کے عوام نے اپنے منتخب نمائندوں کو بانی پی ٹی آئی کے ویژن کی بنیاد پر منتخب کیا تھا اس لیے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں درخواست گزاروں کی مشاورتی ملاقات گڈ گورننس اور عوامی مفاد کے لیے ناگزیر ہے۔
درخواست گزاروں کی استدعا ہے کہ آئینی، قانونی اور انسانی بنیادوں پر بانی سے ملاقات کی اجازت دی جائے، عدالت ملاقات کا انتظام کرنے کا حکم دے اور آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔