انمول پنکی کیخلاف قتل، منشیات کے 7 مقدمات میں تفتیشی افسروں کو چالان کیلئے مہلت مل گئی
کراچی: (دنیا نیوز) انمول عرف پنکی کے خلاف قتل اور منشیات کے سات مقدمات میں تفتیشی افسروں کو چالان کیلئے مہلت مل گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے سامنے تفتیشی افسران پیش ہوئے، تفتیشی افسران نے چالان کیلئے مہلت کی استدعا کی، عدالت نے گزری کے چھ اور بغدادی کے ایک مقدمے میں تفتیشی افسران کو 9 جون تک مہلت دے دی۔
عدالت نے بغدادی تھانے میں درج مقدمے میں مدعی مقدمہ کا دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے تحت بیان ریکارڈ کرنے کے لیے 8 جون کی تاریخ مقرر کردی اور تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ مدعی مقدمہ کو مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں انمول عرف پنکی کے مبینہ سہولت کاروں کی گارڈن تھانے میں درج مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت بھی ہوئی۔
عدالت نے ملزمان سہیل الرحمان اور ذیشان کی درخواست ضمانت کی مزید سماعت تفتیش مکمل نہ ہونے پر 10 جون تک ملتوی کردی۔